لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ممتازایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبد القدیر خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے شروع کئے گئے ہسپتال کے منصوبے کو کامیابی سے جاری رکھنے کیلئے انتظامی اور مالی معاملات میں بھرپور معاونت کرے،ملک کی مختلف اہم شاہراہوں اور اداروں کو ان کے نام سے منسوب کیا جائے ۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی ،سرپرست اعلی و صدر لبرٹی مارکیٹ ظہیر بابر، مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی ، چیئرمین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا بٹ،
نائب صد ورلاہور چوہدری نوید،فرخ اقبال،سینئر نائب صدر انار کلی بازار شیخ ارشد، جنرل سیکرٹری خواجہ ندیم، صدر ڈیفنس بورد رفعت سنی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اگرڈاکٹر عبد القدیرخان پاکستان کو ایٹمی قوت نہ بناتے توآج خطے میں طاقت کا توازن نہ ہوتا اور ہمیں اپنی بقا ء کے خطرات لا حق رہتے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت حقیقی معنوںمیں ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے تو ان کے انسانیت کی فلاح کے لئے شروع کئے گئے مختلف منصوبوںکی سرپرستی کی جائے اور اس کیلئے انتظامی او رمالی معاونت فراہم کی جائے ۔