وزیرمملکت خزانہ

حکومت پاکستان نے محنت کی ہے جلد گرے لسٹ سے نکل آئیں گے، وزیرمملکت خزانہ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے محنت کی ہے جلد گرے لسٹ سے نکل آئیں گے۔

عائشہ غوث پاشا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک کی خاطر آئی ایم ایف پروگرام ہر حال میں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے روزانہ کی بنیاد پر بات چیت جاری ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں نتائج کے قریب پہنچ چکے ہیں، آئی ایم ایف نئے بجٹ کا جائزہ لے رہا ہے، امید ہے آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔ عائشہ غوث نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی بلکہ الٹ اقدامات کیے، اس لئے موجودہ حکومت کو پاکستان کی ساکھ کے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیرمملکت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بار بار معاشی اعداد و شمار کا جائزہ لے رہا ہے، جب ایک بار کریڈبلٹی کا بحران آجائے تو رویے میں تبدیلی آجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی کارکردگی کے نتائج ہم بھگت رہے ہیں، آئی ایم ایف کے تمام مطالبات گزشتہ حکومت سے طے شدہ معاہدے کے مطابق ہیں۔

انکا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا، پرسنل انکم ٹیکس، پیٹرولیم لیوی اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ سابق حکومت نے کیا، ہمیں اسی معاہدے کے طابق پچھلے وعدے پورے کرنے کے ساتھ مزید اقدامات بھی لینا پڑیں گے۔ عائشہ غوث نے مزید کہا کہ چین سے 2.45 ارب ڈالر کے حصول کیلئے بات چیت جاری ہے، جلد ٹرانزیکشن ہو جائے گی، حکومت پاکستان نے محنت کی ہے جلد گرے لسٹ سے نکل آئیں گے۔