اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ موجود ہ حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بالخصوص بیرونی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور حال ہی میں اس ضمن میں متعدد ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں انہوں نے ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر میں جاری چھوٹے پیمانے کے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کے ایک نمائندہ وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار محمد یعقوب خان کے علاؤہ وزارت امور کشمیر کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر مشیر امور کشمیر نے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی صنعتی و معاشی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت کی حامل ہے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ہائیڈل پاور کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں جن میں بیرونی و نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سے ہزاروں میگاواٹ سستی بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے جس سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان میں صنعتی انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔
ملاقات میں نمائندہ وفد نے مشیر امور کشمیر کو ہائیڈل پاور منصوبوں کو درپیش مختلف مسائل سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بیرونی و نجی سرمایہ کار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور یقین دلایا کہ حکومت بالخصوص وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں ہائیڈل پاور پراجیکٹس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔