فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت غریب عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز رکھنی ہے ،ہم نے 3 سال میں بہترین کام کیے اور آگے بھی جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے غریب لوگوں کا سوچا اور ان کیلئے کام کیا تاہم نواز شریف خاندان سمیت ملک سے باہر ہیں اور سابق صدر آصف علی زرداری بھی خاندان سمیت دبئی میں ہوتے ہیں۔شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے کتنے بیرون ملک دورے کیے ؟ ۔
انہوںنے کہاکہ ریاست مدینہ کی بات کرنے پر وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے روزگار فراہم کیا اور آپ لوگوں نے چھینا، اسی طرح حکومت نے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام شروع کیا ، عمران خان نے غریب کو سونے کے لیے چھت فراہم کی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے 134 غیرملکی دورے کیے اور ان دوروں پر کروڑوں روپے لگائے، نواز شریف نے 23 غیرملکی دورے کیے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سارا خاندان لندن اور آصف زرداری کا دبئی میں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت غریب عوام کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔