ٹریڈ پالیسی 121

حکومت سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک2020-25 پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے تمام چیمبرز کا اجلاس طلب کرے’لاہورچیمبر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک2020-25 کو نتیجہ خیز اور اس پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام چیمبرز کا اجلاس طلب کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر مشاورت حکومت کی حکمت علی کا بنیادی حصہ ہونا چاہیے، اس سلسلے میں چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کی منظوری دے دی گئی ہے جس کا مقصد پاکستان کے کاروباری شعبہ میں مسابقت کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی منڈیوں تک خاطر خواہ رسائی حاصل کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ کے دوران کوئی بھی ٹریڈ پالیسی اپنے مطلوبہ اہدف حاصل نہیں کرسکی جس کی بنیادی وجہ مشاورت کا فقدان تھا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لیے مشاورت ناگزیر ہے جس سے پالیسی سازوں کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جارحانہ پالیسی وضع کرنے میں مدد ملے گی، حکومت کو فوری طور پر چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کا اجلاس بلانا چاہیے اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داد کے حالیہ دورہ لاہور چیمبر کے دوران بھی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر مستحکم ملک ہی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتا ہے، سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت نہ صرف معاشی ترقی کی راہ ہموار کرے گی بلکہ حکومت و نجی شعبہ دونوں ہی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر سٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلاکر سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورکس پر تجاویز لے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں