خالد مقبول صدیقی

حکومت سنجیدگی دکھائے توساتھ کھڑے ہوں گے، خالد مقبول صدیقی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوان اپنے حق کیلئے موروثی سیاست کے خلاف کھڑے ہوں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم دیگرصوبوں میں بھی کام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست کے خلاف آواز اٹھانے پرمشکلات پیش آئیں، ایم کیوایم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی، نوجوان اپنے حق کیلئے موروثی سیاست کے خلاف کھڑے ہوں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے خلاف کیا گیا پروپیگنڈا ہی ہماری کامیابی ثابت ہوا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی حکومت سے کہا تھا تھوڑی سنجیدگی کی ضرورت ہے، حکومت سنجیدگی دکھائے توساتھ کھڑے ہوں گے، مہنگائی کے مسئلے کو اچھے طریقے سے ہینڈل کیا جا سکتا ہے۔ جمہوریت کا تقاضہ ہے جس کے پاس جتنا مینڈیٹ ہو اتنا اختیار ملے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کی ذمہ داری وزیراعلی پرنہیں میئر پر ڈال دی جاتی ہے، نام نہادجمہوریت آتی ہے تو بنیادی جمہوریت ختم ہو جاتی ہے۔