گورنر پنجاب

حکومت اور وزیراعظم دونوں آئینی مدت پوری کریں گے ، گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان دونوں آئینی مدت پوری کریں گے، مارچ 2021 گزر چکا مارچ 2022 اور مارچ 2023بھی گزر جائے گا، وزیر اعظم کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں وہ ملک وقوم کی ترقی چاہتے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک انصاف کے کارکنان بھر پور تیاریاں کریں، جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری محمد سرور نے بہاولپور کے پارٹی کارکنوں کے اعزاز میں ناشتہ کروایا، اس موقع پر ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری اور پارٹی رکن سمیرا ملک سمیت سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ فروری اور مارچ کے اپوزیشن کے لانگ مارچ سے کچھ نہیں ہونے والا، حکومت اور وزیر اعظم عمران خان دونوں آئینی مدت پوری کریں گے۔

محمد سرور نے کہا کہ مارچ 2021 گزر چکا مارچ 2022 اور مارچ 2023بھی گزر جائے گا، ڈیل اور ڈھیل کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادی جماعتیں بھی وزیر اعظم عمران خان کیساتھ ہیں حکومت مضبوط ہے، وزیر اعظم کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں وہ ملک وقوم کی ترقی چاہتے ہیں۔

انکا کہنا ہے کہ انشا اللہ حکومت آئینی مدت پوری کر یگی الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف جیسی سیاسی طاقت کسی اور جماعت کے پاس نہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تحریک انصاف کے کارکنان بھر پور تیاریاں کریں، جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پہلی بار اداروں میں اصلاحات پر کام ہورہا ہے، انصاف صحت کارڈ اور احساس پروگرام حکومت کا غریب عوام کے لیے تحفہ ہے۔