کراچی (ر پورٹنگ آن لائن ) معروف اداکارہ کبریٰ خان نے کہا ہے کہ اْنہیں بالکل افسوس نہیں کہ لکس سٹائل ایوارڈ میں اْن کے کردار حْسنِ جہاں کو نامزد نہیں کیا گیا کیونکہ عزت دینے والی ذات صرف اللہ کی ہے۔ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کبریٰ خان نے کہا کہ ‘عزت دینے والی ذات صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی ہے۔کبریٰ خان نے کہا کہ ‘مجھے معلوم ہے کہ میرے مداح بہت اْداس ہیں کہ مجھے یعنی حْسنِ جہاں کو لکس اسٹائل ایوارڈز میں نامزد نہیں کیا گیا’۔اداکارہ نے کہا کہ ‘گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، مجھے جو پیار، محبت اور سپورٹ دیکھنے کو ملا ہے، وہ میرے لیے کسی ٹرافی سے کم نہیں ہے’۔
اْنہوں نے لکھا کہ ‘اگر یہ فتح نہیں ہے تو میں نہیں جانتی کہ کیا ہے’۔کبریٰ خان نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘ میں انتہائی مغلوب ہوں اور سب کے پیار اور سپورٹ کیلئے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں’۔اداکارہ نے لکھا کہ آپ سب کا شکریہ مجھے ایک فاتح کی طرح محسوس کرنے کیلئے، ایک فاتح جسے نہ کسی سٹیج کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی تقریب کی’۔









