اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے خیبر پختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں بھارتی سرپرستی اور معاونت سے دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بہادری قابلِ تحسین ہے اور وہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور جدوجہد جاری رہے گی اور پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ پاکستان میں بھارتی سرپرستی اور معاونت سے دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتن الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا اور ملک کا امن تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔








