مکہ مکرمہ (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے حج کی ادائیگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج کے مقدس سفر نے میری روح میں ایسی چنگاری روشن کر دی جو ہمیشہ جلتی رہے گی۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ الحمد للّٰہ! اللّٰہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے حجِ بیت اللّٰہ کی سعادت سے نوازا۔وسیم اکرم نے لکھا کہ بہت سے لوگوں نے قیاس و گمان کیا کہ یہ سفر کس نے کروایا اور کیسے ہوا، مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ میرا خالص ذاتی فیصلہ تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے اپنے دل میں ایک روحانی منزل پائی جہاں حج کا فرض ادا کرنا ضروری ہو گیا، اس مقدس سفر نے میری روح میں ایک ایسی الہٰی چنگاری روشن کر دی ہے جو ہمیشہ جلتی رہے گی۔سابق کرکٹر نے لکھا کہ دعا ہے کہ میرے جیسے بہت سے بھائی اور بہنیں بھی اس روحانی سفر کا حوصلہ کریں، حج کی سعادت حاصل کریں اور اسی لُطفِ الٰہی سے سرشار ہوں۔واضح رہے کہ اس مرتبہ وسیم اکرم سمیت پاکستان کی کئی مشہور شخصیات نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔









