سینیٹ الیکشن

جے یوآئی (ف)نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) جمعیت علما اسلام (ف)نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ پیر کو جمعیت علما اسلام (ف) نے سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی آرڈیننس کے خلاف درخواست کامران مرتضی اور جہانگیر جدون ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کی خودمختاری اور اختیارات کو پامال کیا گیا ہے، یہ صدارتی آرڈیننس ایک سیاسی جماعت کے کہنے پر جاری کیا گیا، جس جماعت کے کہنے پر آرڈیننس جاری ہوا وہ سینیٹ الیکشن میں شکست کھا رہی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے آرڈیننس جاری کرکے آئین کو روند ڈالا، حکومت نے آرڈیننس جاری کرکے الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات استعمال کرنے کی کوشش کی، زیرسماعت مقدمے میں آرڈیننس کا اجرا پارلیمنٹ، آئین اورقانون کو نیچا دکھانے کے مترادف ہے, سپریم کورٹ صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کا نوٹس لے اور اس آرڈیننس کو غیرمعقول اور خلاف آئین قرار دیا جائے۔