لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) لاہور بینکنگ کورٹ نے جہانگیر ترین اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ کے تفتیشی افسر کا تبادلہ کرنیوالے ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع کردی۔
پیر کو لاہور کی بینکنگ کورٹ کے فاضل جج حامد حسین نے جہانگیر ترین اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مقدمات پر سماعت کی، جہانگیر ترین اور علی ترین عبوری ضمانت مکمل ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت فاضل جج حامد حسین نے ریمارکس دیئے کہ میرے پاس ان کیسز کی سماعت کا اختیار نہیں رہا، ایڈیشنل سیشن جج ون نئے تعینات ہو گئے ہیں، آج کوئی دلائل نہیں سن سکتا، اگلی تاریخ مقرر کر سکتا ہوں۔
فاضل جج کے استفسار پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ پورے ایف آئی اے میں تبدیلیاں ہوئی ہیں، ان مقدمات کا تفتیشی افسر رانا شہباز بھی تبدیل ہو گیا ہے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ڈی جی ہو یا کوئی بھی، وہ کیسے تفتیشی کا تبادلہ کر سکتا ہے؟ وہ تفتیشی افسر کہاں ہیں جن سے مجھے بات کرنی ہے ؟
تفتیشی افسر کی تبدیلی سے متعلق میں حقائق لکھوں گا، عدالت نے مقدمہ کے تفتیشی افسر کا تبادلہ کرنیوالے ایف آئی اے افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 11جون تک توسیع کردی۔









