لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے جڑواں شہروں میں اربن فلڈنگ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفات آبادیوں یا سیاسی وابستگیوں میں امتیاز نہیں کرتیں لہٰذا ترقیاتی ادارے فوری طور پر آبادیوں سے بارشی پانی کے نکاس کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ نشیبی علاقوں میں فوری امداد ،متاثرین کے انخلاء اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت کے مضافات اور راولپنڈی کی دیہاتی آبادیوں کو فوری امداد پہنچائی جائے۔سابق وزیر اعظم نے زور دیکر کہا کہ ہمارے اداروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق اپنی منصوبہ بندی کرنا ہو گی،
یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا وقت نہیں،ملکر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔اس سلسلے میں مخیر حضرات اور سماجی تنظیمیں بھی امدادی کاموں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔









