کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ماضی کے مشہور اداکار ببرک شاہ نے شادی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی ایک بڑی ذمے داری ہے اور جو مرد ایک شادی کا بوجھ بھی نہیں اٹھا سکتے انہیں چاہیے کہ وہ روزے رکھیں۔
ببرک شاہ نے حال ہی میں شیخ دا پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، شادیوں اور فلمی دنیا کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ببرک شاہ نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی میں اب تک چار شادیاں کرچکے ہیں، اس وقت ان کے ساتھ صرف ایک بیوی ہیں جب کہ باقی بیویاں ان سے علیحدگی کے بعد اپنی زندگی خوشی سے گزار رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دوبارہ شادی کرنے کا موقع ملا اور کوئی اچھی شریکِ حیات ملی تو وہ آئندہ بھی شادی کرسکتے ہیں۔اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی فلرٹ نہیں کیا، بلکہ اگر کوئی لڑکی پسند آئی تو ہمیشہ اسے شادی کا پیغام دیا۔
ان کے مطابق یہ طاقت ہر مرد کو نہیں دی جاتی، اسی لیے جو مرد یہ ذمہ داری اٹھا سکتے ہیں انہیں ایک سے زیادہ شادیاں ضرور کرنی چاہئیں۔ببرک شاہ نے کہا کہ دنیا میں مردوں کی تعداد عورتوں کے مقابلے میں کم ہے، اس لیے معاشرتی توازن کے لیے ضروری ہے کہ کم از کم دس سے پندرہ فیصد مرد ایک سے زیادہ شادیاں کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص ایک شادی کا بوجھ بھی نہیں اٹھا سکتا تو اسے روزے رکھنے چاہئیں۔
انہوں نے زندگی گزارنے کے اصول بتاتے ہوئے کہا کہ مرد ایک شادی کرے یا ایک سے زیادہ، اسے ہمیشہ دو باتوں کو یاد رکھنا چاہیے صبر اور شکر۔ببرک شاہ کے مطابق اگر انسان میں یہ دونوں چیزیں ہوں تو وہ کسی بھی رشتے کو کامیابی سے نبھا سکتا ہے، مثال کے طور پر اگر بیوی چائے بنانے سے انکار کردے تو اس کا مسئلہ نہ بنائیں، بلکہ خود اٹھیں اور اپنے لیے چائے بنا لیں۔