شہباز شریف 99

جنوری میں مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح 2.4 فیصد پر آگئی، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوری میں ماہ بہ ماہ مہنگائی کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح 2.4 فیصد پر آگئی ہے.

سعودی عرب نے ایک سال کی موخر ادائیگی پر 1.2 ارب ڈالر کا تیل درآمد کرنے کی سہولت فراہم کردی،رمضان کے حوالے سے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کی ہے،پہلے کہا تھا یوٹیلٹی اسٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا،زرعی ٹیکس کا قانون منظور کرکے چاروں صوبوں نے آئی ایم ایف کا مطالبہ پورا کیا ،اس قانون سازی پر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا شکریہ اداکرتاہوں۔

منگل کووفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جمرود میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کیلئے فاتحہ خوانی کروائی۔وزیراعظم نے کہاکہ جنوری 2024 میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی 4.1 فیصد تک کم ہوئی، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا خوش آئندہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اب پوری کاوش ہے کہ ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، اس کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں کی پوری توجہ ہونی چاہیے، اسی حوالے سے ہم آگے بڑھیں گے اور یہی ہمارے لیے چیلنج ہے کہ معاشی نمو کو کس طرح بڑھایا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب سے تاخیر ادائیگی پر تیل درآمد کرنے کی سہولت دسمبر 2023 میں ختم ہوگئی تھی، سعودی ولی عہد کی ہدایت پر ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور تیل کی درآمد پر ایک سال کیلئے 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی سہولت کے نتیجے میں ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو تقویت ملے گی، اب حوصلہ ملنا چاہیے اور سرمایہ کاری لانی چاہیے۔وزیراعظم نے کہاکہ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ نے ہزارہ ڈویڑن کیلئے 4کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے آبی منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے، اس کے علاوہ ایس ایف ڈی فنڈ کی 4 کروڑ ڈالر کی گرانٹ سے کنگ سلمان ہسپتال بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ (کل) بدھ کو پوری قوم ملی جوش و جذبے سے یوم یکجہتی کشمیر منائے گی اور پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی تحریک آزادی سے اظہار یکجہتی کرے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں زرعی ٹیکس کا قانون منظور کرلیا گیا، اب چاروں صوبوں نے آئی ایم ایف کا مطالبہ پورا کردیا ہے۔ وزیراعظم نے زرعی ٹیکس سے متعلق قانون سازی کرنے پر صدر زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ رمضان کی آمد آمد ہے، اس حوالے سے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو یوٹیلٹی اسٹورز کے بغیر رمضان پیکیج لانے کی ہدایت کردی ہے تاکہ کرپشن اور خراب مال کی فروخت نہ ہو۔شہبازشریف نے کہاکہ میں نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ساتھ اب یہ معاملہ نہیں چل سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے بے پناہ شکایات تھیں جس کا حل یہ نکالا ہے کہ مائنس یوٹیلٹی اسٹور رمضان پیکیج لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں