لاہور(زاہد انجم سے) جنرل ہسپتال لاہور کی لیڈی ڈاکٹرز نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زچہ و بچہ کی جان بچا لی۔ ضلع قصور سے 22سالہ حاملہ خاتون سمیرا کو میڈیکل چیک اپ کیلئے ایل جی ایچ کے گائنی آؤٹ ڈور میں لایا گیا جہاں طبی معائنہ کے دوران ہی مریضہ نے بچی کو جنم دے دیا، ڈیوٹی پر موجود گائنا کالوجسٹ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق نے سٹاف کے ہمراہ ڈلیوری کے عمل کو بلا تاخیر مکمل کر کے زچہ و بچہ کی جان بچائی۔
ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کا کہنا تھا کہ نومولود بچی کم وزن اور کمزور صحت کے ساتھ پیدا ہو ئی ہے جس کو نرسری اور اس کی ماں کو گائنی وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں معروف گائنا لوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے حاملہ خواتین کو مشورہ دیا کہ اپنا طبی معائنہ باقاعدگی سے کراتی رہیں۔
معالج کی جانب سے ڈلیوری کے متوقع وقت اور تاریخ سے قبل ہسپتال سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی ایمرجنسی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گائنی آؤٹ ڈور میں موجود دیگر خواتین نے طبی معائنے کے دوران ڈلیوری کے موقع پر ڈاکٹرز و عملہ کی پیشہ وارانہ لگن کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ ڈاکٹرز نے کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر طبی سہولیات باہم پہنچا کر ماں بیٹی کی جان بچائی۔