جنرل ہسپتال 117

جنرل ہسپتال کے پروفیسر آف ای این ٹی ڈاکٹر طاہر رشید مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے

لاہور11ستمبر(زاہد انجم سے) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے پروفیسر آف ای این ٹی پروفیسر طاہر رشید اپنی 35سالہ پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دینے کے بعد مدت ملازمت سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز اُن کے اعزاز میں پر وقار الوداعی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں پروفیسر ڈاکٹر اسرار احمد، پروفیسر ڈاکٹر نجم الحسنین خان، پروفیسر ڈاکٹر غلام دستگیر خان، ڈاکٹر رفیق احمد شیخ، ڈاکٹر محمد الیاس،ڈاکٹر عامر ایوب اعوان سمیت ڈاکٹر نرسز، اور ہیلتھ پروفیشلز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے پروفیسر ڈاکٹر طاہر رشید کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی 35سال تک سرکاری ملازمت کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے، اعلیٰ پیشہ وارانہ خدمات اور مریض دوست اقدامات کو سراہا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے دوران ملازمت سینکڑوں نوجوان ڈاکٹرز کی اعلیٰ تربیت کرنے کے علاوہ انہیں جدید طریقہ علاج اور سرجری بارے مکمل آگاہی دی جو اس وقت دنیا بھر کے ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پروفیسر طاہر رشید نے بہت زیادہ انتہائی پیچیدہ آپریشنز کامیابی سے مکمل کر کے دعائیں سمیٹیں۔

پروفیسر طاہر رشید نے شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مدت ملازمت جاں فشانی،محنت اور لگن کے ساتھ مکمل کر کے ریٹائر ہونا کسی اعزاز سے کم نہیں لیکن وہ دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول پر توجہ مرکوز کریں اور ریسرچ پر توجہ دیں تاکہ انہیں مریضوں کے بہتر علاج اور آپریشن کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پروفیسر طاہر رشید کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی اور اُن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں