لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج و پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اعلان کیا ہے کہ 17 فروری کو منعقد ہونے والے مشترکہ کانووکیشن میں میڈل اور ڈگریاں وصول کرنے والے ہر طالب علم کو اپنے ساتھ دو مہمان لانے کی اجازت ہوگی، تاکہ وہ اپنی کامیابی کے ان یادگار لمحات کو اہلِ خانہ کے ساتھ شیئر کر سکیں اور انہیں تصاویر میں محفوظ بنا سکیں۔ان خیالات کا اظہار کانووکیشن کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ تقریب لاہور جنرل ہسپتال کے پنز آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی، جس میں 171 گریجویٹس کو ڈگریاں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 128 طلبہ کو میڈلز سے نوازا جائے گا۔ تقریب میں سینئر فیکلٹی ممبران، ممتاز معالجین اور معزز مہمانانِ گرامی شرکت کریں گے۔پروفیسر فاروق افضل نے انتظامی اور تدریسی کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ مہمانوں کی رہنمائی، سکیورٹی، نشستوں کی ترتیب، ڈگریوں اور میڈلز کی تقسیم کے مراحل اور فوٹو سیشن کے انتظامات کو نہایت پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈگری اور میڈل کا حصول ہر طالب علم کی انتھک محنت، لگن اور علمی جدوجہد کا ثمر ہوتا ہے اور یہ اعزازات انہیں عمر بھر اپنی مادرِ علمی کی یاد دلاتے رہیں گے۔
پرنسپل نے ادارے کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 1974 میں قائم ہونے والا پی جی ایم آئی ملک میں پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر سے ڈاکٹرز اسپیشلائزیشن کی تعلیم کے لیے آتے ہیں۔
پی جی ایم آئی نے دہائیوں سے شعبہ طب کو اعلیٰ تربیت یافتہ اور ماہر افرادی قوت فراہم کی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ 2012 میں قائم ہونے والا امیرالدین میڈیکل کالج بھی طبی تعلیم کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ یہ دونوں ادارے لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک ہیں اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت انجام دے کر پاکستان کا وقار بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ نوجوان معالجین کی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت، دیانت داری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو بھی فروغ دیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی ادارے اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ پی جی ایم آئی اور امیرالدین میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل معالجین اپنی علمی، تحقیقی مہارت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ اخلاقیات کی بدولت عالمی شعبہ طب میں پاکستان کی مثبت شناخت کو مزید مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ نوجوان ڈاکٹرز جدید طبی تقاضوں پر پورا اترتے ہوئے خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بنائیں گے اور ادارے کے تعلیمی وقار اور قومی ساکھ میں نمایاں اضافہ کریں گے۔









