جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال/پی جی ایم آئی کے 1372 ملازمین کو 5 ماہ کا سپیشل الاؤنس مل گیا

لاہور (زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال اور پی جی ایم آئی کے 1372ملازمین کو سپیشل الاؤنس دے دیا گیا اور رواں مالی سال کے آغاز سے 15فیصد ایڈہاک ریلیف بھی شامل ہونے پر مذکورہ ملازمین کی تنخواہ میں اس طرح مجموعی طور پر 30فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مارچ تاجولائی تک سپیشل الاؤنس کی رقم ملنے پر ملازمین کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ پرنسپل امیر الدین میڈکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے طے شدہ فارمولے کے مطابق 1372ملازمین کو 15فیصد سپیشل الاؤنس دیا گیا ہے جس سے انہیں مہنگائی کا مقابلہ کرنے میں آسانی ہو گی اور وہ اپنے روزمرہ کے مسائل بہتر انداز سے حل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کم ہونے سے ملازمین ذیادہ یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے سکیں کیونکہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر دنیا میں کوئی اور نیکی نہیں۔ صدر پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسو سی ایشن رانا پرویز، صدر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز جنید میو اور چیئر مین ایپکا پی جی ایم آئی چوہدری امتیاز و صدر کاشف گجر نے 5ماہ کا سپیشل الاؤنس کی ادائیگی پراظہار مسرت کرتے ہوئے حکومت پنجاب، پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر اور ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پیرا میڈیکس جنرل ہسپتال کا گراف اور اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت اور ادارے کی نیک نامی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔