لاہور جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال میں ساڑھے10ہزار مریضوں کا مفت علاج: ڈائلسز سینٹر فنکشنل رہا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) عید الفطر کی تعطیلات کے دوران لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں ساڑھے10ہزارمریض آئے جنہیں حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت بلا معاوضہ طبی سہولیات بہم پہنچائی گئیں جبکہ ڈائلسز سینٹر بھی فنکشنل رہا اوران ایام میں 200افراد کے مفت ڈائلسز کیے گئے اور ہسپتال میں آنے والے ہر شہری کو علاج معالجے کی بھرپور سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

 لاہور جنرل ہسپتال
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے عید کی چھٹیوں کے دوران جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور عید کی خوشیوں میں مریضوں اور اُن کے تیمارداروں کو بھی شامل کیا۔شعبہ ایمرجنسی، بچہ وارڈاور ڈائلسز سینٹر میں زیر علاج مریضوں کی مزاج پرسی کی اور عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اُن میں تحائف تقسیم کیے۔پروفیسر الفرید ظفر نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیاں دوسروں کے دکھ درد پر قربان کرنے والے ہی اصل ہیرو کہلوانے کے حقدار ہیں۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم،فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے مریضوں اور اُن کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طب سے وابستہ افراد خوشیوں کے تہوار پر بھی اپنے اہل خانہ کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ مریضوں کی تکلیف کا بر وقت ازالہ کرنا ہی مسیحائی کا اصل شعبہ ہے اوران ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کی پیشہ وارانہ خدمات کو پیسوں سے بھی نہیں مانپا جا سکتا۔ اس موقع پرلواحقین نے بہترین اور مفت طبی سہولتوں کی فراہمی پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ڈھیروں دعائیں دیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ عید اور ٹرو پر مریضوں و اُن کے لواحقین کو مخیر حضرات کے تعاون سے خصوصی کھانا مہیا کیا گیاگیا تاکہ علاج معالجے کے لئے دوسرے شہروں سے آنے والوں کو گھر سے دوری کا احساس نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تہواروں پر مریضوں کی بہتر خدمت کا مشن آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا اور اس ضمن میں ایک میکا نزم مرتب کیا گیا ہے تاکہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔