جنرل ہسپتال 102

جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کے 8آپریشن تھیٹرز میں، طبی عملہ الرٹ پروفیسر فاروق افضل

لاہور 11مئی(زاہد انجم سے)کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بلا تعطل نمٹنے کیلئے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کے 8آپریشن تھیٹرز کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے کے علاوہ وافر مقدار میں جان بچانے والی ادویات فراہم کر دی گئیں ہیں۔

ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ سرجری پی جی ایم آئی، ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے بتایا کہ شعبہ سرجری کے علاوہ تمام شعبوں کے ہیلتھ پروفیشنلز مریضوں کی بہتر نگہداشت اور بروقت طبی امداد کی فراہمی کیلئے الرٹ ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ایل جی ایچ پبلک سیکٹر میں واحد ہسپتال ہے جہاں 2ویسکولرز سرجنز بھی دکھی انسانیت کا علاج کر رہے ہیں جبکہ ہسپتال میں قائم کنٹرول روم 04299268817پر 24گھنٹے انتظامی ڈاکٹر موجود رھےگا۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ایس او پیز کی روشنی اور پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کی زیر نگرانی مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں جو بوقت ضرورت تمام شعبوں سے کوارڈینیشن کریں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شعبہ حادثات میں 10بستروں پر مشتمل قائم سرجیکل آئی سی یو (انتہائی نگہداشت)میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز و نرسز راؤنڈ دی کلاک فرائض سر انجام دیں گی۔ 

تاکہ تشویش ناک حالت میں آنے والے مریضوں کا احسن انداز سے علاج معالجہ کیا جا سکے۔ پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ہسپتال کا بلڈ بنک سمیت تمام ضروری اشیاء فعال رکھی ہوئی ہیں، کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کو ہینڈل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان سے مقدم کوئی چیز نہیں، پی جی ایم آئی/اے ایم سی /ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس، میڈیکل سٹوڈنٹس پیشہ وارانہ لگن سے مریضوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولیات باہم پہنچانے کیلئے تیار رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں