احسن اقبال 59

جنرل فیض کو سزا دے کر ثابت کیا گیا فوج کے احتساب کے نظام میں کسی کا لحاظ نہیں ہوتا’ احسن اقبال

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنرل فیض کو سزا دے کر فوج نے ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے کہ فوج کے احتساب کے نظام میں کسی کا لحاظ نہیں ہوتا، جنہوںنے پاکستان کی تباہی کی ان کا بھی اسی طرح احتسا ب ہونا چاہیے ، 2017-18میں جو مصنوعی تبدیلی پاکستان پر مسلط کی گئی وہ معاشی لحاظ سے پاکستان پر سقوط مشرقی پاکستان کی طرح کا حملہ تھا ۔

ایک انٹر ویو میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ہماری پسند نہیں بلکہ وہ پاکستان کی ضرورت ہے ، جس کھائی میں پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کو پھینک کر گئی تھی اس کے لئے ضروری تھا آئی ایم ایف کی سپورٹ لی جائے، آئی ایم ایف کے پروگرام سے ملکی معیشت کو سرٹیفکیٹ ملتا ہے ،آئی ایم ایف پروگرام ہمیں مکمل کرناپڑے گا،اس سے ملک کی معیشت مستحکم ہو گی ۔

ہمیں کوشش یہ کرنی ہے کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کے مکمل ہونے کے بعد اپنی معیشت میں اتنی توانائی لے کر آئیں اتنے وسائل پیدا کریں کہ ہمیں دوبارہ آئی ایم ایف کے پروگرام میں نہ جانا پڑے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جنرل فیض کو سزا دے کر فوج نے ایک مثال قائم کی ہے جو لوگ فوج پر تنقید کرتے تھے ،فوج نے ثابت کیا ہے کہ اس کے احتساب کا نظام میں کسی کا لحاظ نہیں ہوتا۔اسی طرح ہمیں سیاست کے اندر بھی ان لوگوں کو احتساب کرنا چاہیے جنہوںنے ملک کو تباہی کے کنارے پر پہنچایا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں