کراچی (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جمہوریت اور اکثریت کے دعوے کرنے والے اپنی جماعتوں میں الیکشن نہیں کرواتے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیرشاہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، نالے پر بنی عمارت پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اداروں پر قبضہ تو کرنا چاہتی لیکن کام نہیں کرنا چاہتی، تیاریوں کا جائزہ لینے آئے ہیں، کالے قانون کے خلاف مارچ نکال رہے، اسمبلی میں اکثریت چند وڈیروں کی اقلیت ہے جو مقامی آبادی کا حق سلب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور اکثریت کے دعوے کرنے والے اپنی جماعتوں میں الیکشن نہیں کرواتے، پتہ چل جائے گا عوام کس کے ساتھ ہے، شہر کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے تمام ماہرین سے رابطے میں ہیں، عوام آج بتائیں گے کہ کالا قانون منظور نہیں۔ انکا کہنا ہے کہ ہم صرف احتجاج کرکے گھر نہیں جائیں گے بلکہ آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے، ہم ہر پلیٹ فارم پر احتجاج کریں گے، اپنے اور اپنی نسلوں کے مستقبل کے لئے گھر سے نکلنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی میں جعلی ماس ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کیا گیا، کراچی میں اس وقت افراتفری کا ماحول ہے، ہر مسئلے کے لئے سابقہ حکومتوں کی ذمہ داری قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے پندرہ برسوں میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ہی حکومت رہی ہے، کیا حکومت کی رٹ صرف جعلی ڈومیسائل بنانے اور بھرتیوں کے لئے ہے۔









