اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بقا کارکردگی، نمائندگی اور شفافیت سے مشروط ہے، عوام کی خدمت اور اعتماد کی بحالی کے بغیر جمہوری نظام مضبوط نہیں ہو سکتا۔وہ منگل کوقومی کانفرنس بعنوان ’’سوشل ڈیموکریسی: مقامی اور عالمی جہت‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان وژن ملک کو معاشی طور پر مضبوط، جدید اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا منصوبہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے بغیر جمہوریت مستحکم نہیں ہو سکتی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بغیر عوامی شمولیت ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ یہی طبقے ملک کے مستقبل کی قیادت کریں گے۔پروفیسر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ شفاف احتساب کا نظام جمہوریت کا مستقل اور لازمی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب سیاسی انتقام نہیں بلکہ ادارہ جاتی شفافیت اور اعتماد کی بنیاد ہونا چاہیے۔