صدر مملکت 163

جموں و کشمیر تنازعہ کا یو این کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری سے فیصلہ کیا جائے،صدر مملکت

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا یو این کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری سے فیصلہ کیا جائے،بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو دہرے لاک ڈاﺅن کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متعلق عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی، 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن نے ایک قرارداد میں کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی ضمانت دی۔

کشمیر کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا آج کشمیریوں سے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کے وعدے کو 73 سال ہو گئے، یوم حق خود ارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدے کی جانب دلانا ہے، ان مشکل سات عشروں میں کشمیریوں کی تین نسلوں کو بھارتی غاصب فورسز کے ہاتھوں مصائب کا سامنا کرنا پڑا، کشمیری اقوام متحدہ کے ان سے کئے گئے وعدے کو عملی شکل دینے کے منتظر ہیں،

5 اگست 2019 کو غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے ذریعے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی گئی ہے، بھارت نے نئے ڈومیسائل قوانین نافذ کئے، زمین کے ملکیتی قوانین میں ترمیم کی، صدر مملکت نے کہا بھارت کا قانون میں تبدیلی کا مقصد مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے، کشمیر پر بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور جنیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، لاک ڈاﺅن اور کورونا وبا کے باعث بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں 9.5 ارب ڈالر کے معاشی نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے،

بھارتی قابض فورسز ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلے، کشمیری صحافیوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی غیر قانونی گرفتاریوں میں ملوث ہیں، صدر مملکت نے کہا کشمیری سیاسی قائدین، پرامن مظاہرین پر مظالم، پیلٹ گنز کے استعمال، اجتماعی سزا کے طور پر پورے گاﺅں منہدم کرنے جیسے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں،بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا،

بھارت کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کو بے معنی طاقت سے روکنے میں کامیاب نہ ہو گا، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا احتساب کرے، عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی ان کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں