محمد جاوید قصوری 17

جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے تیسرا مرحلہ کا آغاز،150 مقامات پر دھرنے ہونگے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز آج 23 اکتوبر سے 150 مقامات پر دھرنوں کے ذریعے کیا جائے گا، جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی، بھاری ٹیکسوں اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی مالی بوجھ سے نجات دلانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جب تک وزیراعظم پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا فیصلہ نہیں کرتے، ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور ہم عوام کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے باعث عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھتے ہیں بلکہ اشیائے ضروریہ، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں پر بھی براہ راست اثر پڑتا ہے۔ عام آدمی کے لیے گھر کا بجٹ چلانا مشکل ہو چکا ہے، جبکہ حکمران طبقہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید معاشی بوجھ ڈال رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے پٹرولیم لیوی ختم کرے اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر پنجاب وسطی کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ لاہور سمیت فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ساہیوال میں احتجاجی مظاہرے ہونگے ، جن میں جماعت اسلامی کے کارکنان، ذمہ داران اور عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

ان مظاہروں کا مقصد حکمرانوں تک عوام کی آواز پہنچانا اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں جماعت اسلامی کی دستخطی مہم بھی جاری ہے، جس میں عوام بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مہم اس بات کا اظہار ہے کہ شہری غیر ضروری معاشی بوجھ کے خلاف متحد ہیں اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا چاہتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں احتجاجی سرگرمیوں میں مزید شدت لائی جائے گی اور عوامی مطالبات کی منظوری تک تحریک جاری رکھی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے کہا کہ حکمرانوں کے لیے حالات دن بدن سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ حکومت کو عوامی جذبات اور مشکلات کو نظرانداز کرنے کے بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی پُرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں