لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام ہفتہ یکجہتی کشمیر بھرپور قومی و ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پروگرامات، سیمینارز، ریلیاں اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنا اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کروانا ہے۔جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ کشمیری عوام کی پشتی بان رہی ہے اور آئندہ بھی ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔
بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مگر کشمیری عوام کے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اٹھایا جائے اور بھارتی جارحیت کے خلاف ٹھوس سفارتی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا۔ جماعت اسلامی اس جدوجہد میں ہر محاذ پر کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بسنت کے نام پر خونی کھیل کا انعقاد پر اپنی تشویشناک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور اس خونی کھیل پر مستقل پابندی کو یقینی بنائے۔ اسلامی اور اخلاقی معاشرے میں ایسی خونی تفریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے جن سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بسنت کوئی بے ضرر تفریح نہیں بلکہ ایک جان لیوا سرگرمی بن چکی ہے۔ دھاتی ڈور اور کیمیکل سے تیار کردہ تیز دھار ڈور نے اسے ایک خونی کھیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ موٹر سائیکل سوار شہری، راہگیر، اور چھتوں پر کھیلنے والے بچے اس کی وجہ سے شدید حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی دباؤ یا وقتی خوشیوں کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہ دے جو شہریوں کے لیے موت کا پیغام ثابت ہوں۔









