محمد جاوید قصوری 35

جماعت اسلامی کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید اظہارِ تشویش

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے بھارت میں نافذ کیے گئے سخت اور جابرانہ قوانین، خصوصاً پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت بڑھتی ہوئی غیر معینہ اور غیر منطقی حراستوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے،ان قوانین کے مسلسل اور بے دریغ استعمال نے بھارت میں منظم ریاستی جبر کو قانونی تحفظ فراہم کیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 2800 افراد کو پابندِ سلاسل کیا گیا ہے، جن میں صحافی، طلبہ، انسانی حقوق کے رضاکار اور سیاسی کارکن شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے نفرت انگیز تقاریر، ہجومی تشدد اور کشمیریوں و مسلم برادری کو ہراساں کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔ اس صورتحال نے بھارت کے اندر بنیادی انسانی آزادیوں، اظہارِ رائے کے حق اور جمہوری اقدار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف منظم نفرت اور تعصب پر مبنی ماحول ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس نے عالمی برادری کی تشویش میں بھی اضافہ کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ہونے والے ظلم و ستم کو فوری طور پر بند کرے اور انسانی حقوق کے عالمی معیارات کی پاسداری یقینی بنائے۔محمد جاوید قصوری نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن، منصفانہ اور دیرپا حل کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے، کیونکہ اس تنازع کا حل نہ صرف خطے کے امن کے لیے ضروری ہے بلکہ جنوبی ایشیا کی ترقی اور استحکام کا ضامن بھی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیریوں سمیت تمام مذہبی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ جماعت اسلامی عالمی انسانی اقدار، انصاف اور مظلوم اقوام کی حمایت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں