جاوید قصوری

جماعت اسلامی موروثیت سے پاک اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہے ‘ جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو موروثیت سے پاک ہے۔

مفادات کی سیاست نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ قوم نے تینوں جماعتوں کو آزمالیا ہے، اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

پاکستان میں حقیقی اسلامی تبدیلی صرف جماعت اسلای ہی لاسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں امیر ضلع لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد کی تقریب حلف برداری کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی ملک کی حقیقی ترجمان اور عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔

ہم نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی ہر مشکل گھڑی میں ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ خدمت خلق ہی ہماری پہچان ہے۔ 2008 کے خوفناک زلزلے، 2010کے تباہ کن سیلاب اور حالیہ کرونا وباء کے دوران ملکی و بین الاقوامی سطح پر الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضا کاروں نے آگے بڑھ کر جو کردار ادا کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا تو ہم ملک کی تقدیر بدل کررکھ دیںگے۔

ہمارے پاس متبادل نظام موجود ہے۔ پاکستان میں اگر کوئی سب سے زیادہ جمہوری پارٹی ہے وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے۔ اس کی قیادت اعلیٰ تعلیم یافتہ ، محب وطن اور ہر قسم کی کرپشن سے پاک، خوف خدا رکھنے والی ہے۔ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان ہے۔

تحریک انصاف نے بھی نظام کی تبدیلی کی بات کی مگر اڑھائی سال گزر جانے کے باوجود وہی پرانے چہرے نظر آتے ہیں اور وہی کرپشن اور نااہلی کی داستانیں سنائی دیتی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کارکن جماعت اسلامی کے پیغام کو لے کر گلی محلوں تک اتر جائیں۔

ہم قوم کی اپنی طرف نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول ۖ کے نظام کی طرف بلاتے ہیں۔ اسی کو اختیار کرکے دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔