اسلام آباد( رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ جس کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اسے بھی غداروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا،تفتیش کیلئے بلایا تو سرکاری گاڑی میں ہتھکڑیاں پہن کرجاوں گا،میں نے کسی سے نہیں کہا نہ کہوں گا کہ میرا نام ایف آئی آر سے نکالیں، اگر وزیراعظم نہ ہوتا تو بطور مسلم لیگی رہنما ءسب سے پہلے جاکر گرفتاری دیتا
۔اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیرنے کہا ہے کہ ایف آئی آر درج ہونے کا پتاچلنے پر دکھ ہوا،تفتیش کیلئے بلایا تو سرکاری گاڑی میں ہتھکڑیاں پہن کرجاوں گا،اس سے بڑی بدقسمتی اور بدبختی اور کیا ہوسکتی ہے،میں نے کسی سے نہیں کہا نہ کہوں گا کہ میرا نام ایف آئی آر سے نکالیں،
انہیں تو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ ٹیلیفون کرکے معذرت کرلیتے،ایف آئی آر میں شامل دفعات کیا کوئی عام آدمی درج کرا سکتا ہے؟ خواہش ہے کہ سری نگر میں پاکستان کا پرچم لہراوں،جس کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اسے بھی غداروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا،پاکستان کا وزیراعظم جو بھی ہو ہمارے لیے قابل احترام ہے،
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اے پی سی میں صرف پاکستان کو آئین کے مطابق چلانے کی بات ہوئی، اگر وزیراعظم نہ ہوتا تو بطور مسلم لیگی رہنما ءسب سے پہلے جاکر گرفتاری دیتا۔