بیجنگ (رپورٹںگ آن لائن) جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2025 کے اختتام تک چائنا کوسٹ گارڈ کے جہاز 356 دنوں تک جزیرہ دیاؤ یوئی کے ملحقہ پانیوں میں دیکھے گئے، جوکہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس حوالے سے چینی وزارتِ دفاع کے ترجمان سینئر کرنل چانگ شیاؤ گانگ نے کہا کہ جزیرہ دیاؤیوئی اور اس سے منسلک جزائرچین کا علاقہ ہیں۔
چائنا کوسٹ گارڈ کی جانب سے متعلقہ پانیوں میں گشت اور قانون نافذ کرنے پر مبنی سرگرمیاں جائز اور معقول ہیں۔ ہم جاپان پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنے قول و فعل میں احتیاط سے کام لے اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو، بصورت دیگر وہ اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی مارے گا۔
اس موقع پر ترجمان نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل چینی نیوی کے جہازوں نے چینی دائرہ اختیار کے تحت پانیوں میں معمول کی گشت کے دوران وہاں پھنسے فلپائنی ماہی گیروں کو بچایا تھا، جس پر بہت سے فلپائنی باشندوں نے چین کے اس نیک عمل کا شکریہ ادا کیا اور اسے سراہا۔ لیکن فلپائنی بحریہ کے ترجمان کا یہ دعویٰ کہ چین کا اس معاملے کو عوام کے سامنے لانا “سیاسی پروپیگنڈہ” تھا سراسر منافقانہ ہے، کیونکہ حقائق خود اس دعوے کی نفی کرتے ہیں۔
چین نے ہمیشہ اپنی علاقائی خودمختاری اور سمندری حقوق و مفادات کا مضبوطی سے تحفظ کیا ہے اور بحیرہ جنوبی چین کو امن، دوستی اور تعاون کا سمندر بنانے کے لیے خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے









