جرمنی 151

جرمنی نے کورونا وبا کا کئی ممالک سے بہتر مقابلہ کیا،تازہ تحقیق

برلن(رپورٹنگ آن لائن)ایک تازہ تحقیق میں کہاگیا ہے کہ جرمنی، سویڈن اور نیوزی لینڈ میں کورونا وبا کے دوران شہریوں کے حقوق کے خلاف اقدامات نہیں اٹھائے گئے،جرمن شہری کورونا وبا کے دوران اچھے طرز حکومت اور جمہوریت سے مستفید ہوئے۔ جرمن جمہوریت اور ریاستی ادارے کورونا وائرس کی وبا کے دوران مضبوط ثابت ہوئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات برٹیلسمین فائونڈیشن کی جانب سے 29 صنعتی ممالک میں کیے گئے ایک جائزے سے سامنے آئی ۔ کل چورانوے پہلووں کی بنیاد پر اس اسٹڈی نے جرمنی سویڈن اور نیوزی لینڈ کو ان ممالک میں سب سے اوپر کا درجہ دیا جہاں وبا کے دوران قانون پر عمل درآمد میں مسائل پیش نہیں آئے۔ممالک کو جمہوریت، کرائسس مینجمینٹ اور معیشت اور فلاحی ریاست کے معیارات پر جانچا گیا۔ ستر سے زائد تجزیہ کاروں کے ذریعے کی گئی اس تحقیق میں نومبر 2019 سے جنوری 2021 کے عرصے کا جائزہ لیا گیا۔

اس اسٹڈی میں اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم او ای سی ڈی اور یورپی یونین کے رکن ممالک شامل تھے۔اپنی جمہوریتوں میں لچک کے حوالے سے، پولینڈ، ہنگری اور ترکی نے بدترین اسکور حاصل کیا۔تحقیق کے مطابق ان ممالک کی حکومتوں نے کورونا مرض کو اپنے شہریوں کے حقوق کو طویل مدت تک محدود کرنے کے لیے استعمال کیا۔

وہ ریاستیں جہاں پریس کی آزادی، عدلیہ کی آزادی اور انفرادی حقوق وبائی مرض سے پہلے ہی خطرے میں تھے، وہ مزید پیچھے کی طرف چلی گئیں جو تشویش کا باعث ہیں۔ریسرچ کے مطابق زیادہ تر ممالک میں، ان کی پارلیمان فیصلہ سازی میں مناسب انداز میں شامل نہیں تھیں، بنیادی طور پر اس لیے کہ حکومتیں وقت کے دبا میں کام کر رہی تھیں اور سرکاری محکموں کے درمیان اختلافات ایک اور منفی عنصر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں