محمد جاوید قصوری 55

جذبہ جہاد ، جرات اور غیرت کے ساتھ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو دھول چٹا دی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری کشیدگی اب ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک بڑی مشکل بن چکی ہے اور یہ معاملہ ان کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے، برادر اسلامی ملک ایران نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر کسی قوم میں جذبہ جہاد، خودداری اور غیرت زندہ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اسے زیر نہیں کر سکتی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی طاقت کا جو تاثر دنیا میں قائم کیا گیا تھا، وہ اب تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور ان کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔

ایرانی قیادت اور عوام نے جس جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، اس پر پورا عالم اسلام فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ امریکہ اس جنگی صورتحال سے نکلنے کے لیے راہیں تلاش کر رہا ہے مگر وہ خود اپنے ہی جال میں بری طرح پھنس چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پر مشتمل”شیطانی مثلث”نے دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگے ہیں اور آج بھی مسلم ممالک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ دو ٹوک اور واضح پالیسی اختیار کرتے ہوئے کھل کر ایران کی حمایت کا اعلان کرے اور امریکی دباؤ کو خاطر میں نہ لائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد غزہ امن منصوبے (پیس بورڈ) سے علیحدگی کا اعلان کرے کیونکہ یہ منصوبہ درحقیقت فلسطینی عوام کے حقوق کے خلاف ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالم اسلام کو اس نازک وقت میں متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ بیرونی طاقتوں کی سازشوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم ممالک اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں تو کوئی بھی قوت انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ مسلم حکمران ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر امت مسلمہ کے اجتماعی مفاد کے لیے فیصلے کریں اور مظلوم مسلمانوں کی بھرپور حمایت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں