جدہ(رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے شہر جدہ میں حج کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن کا افتتاح اتوار 9 نومبر کو ہو گیا جو12 نومبر تک جاری رہے گی۔
عرب ٹی وی کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے خدمتِ ضیوف الرحمان پروگرام کے تعاون سے کانفرنس و نمائش کا اہتمام کیا جس کا سلوگن مکہ مکرمہ سے دنیا تکرکھا گیا ہے۔نمائش و کانفرنس کا انعقاد مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس کا مقصد عازمین حج و عمرہ زائرین کو اس سفر مقدس میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔رواںسال ہونے والی کانفرنس کا پانچواں ایڈیشن سابقہ کامیاب ایڈیشن کا تسلسل ہوگا جس میں 137 ممالک سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد زائرین اور 220 کمپنیوں اور اداروں نے شرکت کی تھی جبکہ حج سیزن کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔
کانفرنس میں متعدد شعبوں کے اعلی عہدیدار شرکت کریں گے جن میں نقل و حمل، مواصلات، صحت، ہاسنگ، ہوٹلز ، ٹیکنالوجیز، انشورنس، کراڈ مینجمنٹ اور لاجسٹک سروسز وغیرہ شامل ہیں ان کے علاوہ غیرمنافع بخش شعبے جن کے رضاکار عازمین کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔کانفرنس و نمائش کے لیے 52 ہزار مربع میٹر رقبے پر مثالی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے آنے والی 260 سے زائد کمپنیوں اور اداروں کے نمائندے اپنی مصنوعات اور سروسز کے حوالے سے تعارفی سٹالز لگائیں گے۔