لاہور (ر پورٹنگ آن لائن) سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا ہے کہ تھیٹر کی بقاء کے لئے اعلیٰ معیار کو ترجیح دینا ضروری ہے ، نئے رائٹر زکے ساتھ سینئر اداکاروں کو دوبارہ تھیٹر پر آنا ہو گا ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ایک دو ڈرامے کرنے سے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے بلکہ سینئر اداکاروں اور ڈائریکٹرز کے مسلسل کام کرنے سے اسٹیج ڈرامے میں بہتری ممکن ہو سکتی ہے اور معیاری اسکرپٹ اس کی بنیاد ہے ۔
انہوںنے کہا کہ اسٹیج ڈرامے کو بچانے کے لئے کسی نہ کسی کو لازمی آگے آنا ہو گا ورنہ جس تیزی کے ساتھ اسٹیج ڈرامہ اپنی اصل شناخت کھو رہا ہے مستقبل میں یہ بھی فلم انڈسٹری کی طرح زوالی کا شکار ہو جائے گا۔انہوںنے کہا کہ حکومتوں میں ثقافت کی وزارتیں تو رکھ دی جاتی ہیں لیکن فلم ، ٹی وی اور اسٹیج کبھی ان کی پالیسیوں کا حصہ نہیں رہا جس کی وجہ سے ہم تنزلی کا شکار ہیں۔