سید یوسف رضا گیلانی 45

تپِ دق قابلِ علاج مرض ،پاکستان اس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان تپِ دق (ٹی بی)کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات جاری ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق عالمی یومِ تپِ دق کے موقع پر جاری پیغام میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تپِ دق قابلِ علاج اور قابلِ بچاؤ مرض ہے، تاہم ترقی پذیر ممالک میں یہ اب بھی سنگین چیلنج کے طور پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی بی نہ صرف مریضوں بلکہ ان کے خاندانوں اور مجموعی نظامِ صحت پر بھی بھاری بوجھ ڈالتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی آگاہی میں اضافہ اور بروقت تشخیص کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ مرض کو ابتدائی مرحلے میں ہی قابو کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو معیاری علاج کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے اور اس ضمن میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانا قومی ترجیح ہونی چاہیے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ احتیاطی اقدامات میں سرمایہ کاری کے ذریعے ٹی بی کا خاتمہ ممکن ہے، طبی ماہرین اور فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں جو اس مرض کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹی بی سے پاک پاکستان کے لیے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور عوام کو مل کر مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی تاکہ اس مہلک مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں