طاہر القادری

تحریک منہاج القرآن نارووال کے زیر اہتمام دروسِ عرفان القرآن ،طاہر القادری کا خطاب

نارووال(رپورٹنگ آن لائن)تحریک منہاج القرآن نارووال کے زیر اہتمام چھ روزہ دروسِ عرفان القرآن کی آخری نشست سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سیدہ فاطم الزہرا سلام اللہ علیہا اورسیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی عظمت، فضائل، تقوی، عبادات اور قربانیوں کا تفصیلی ذکر فرمایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا نہ صرف خواتین بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے کامل اسوہ حسنہ ہیں۔ آپ کی حیاتِ طیبہ، صبر، استقامت اور عشقِ الہی سے بھرپور زندگی ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

شیخ الاسلام نے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ نبی کریم ۖ کے سب سے قریبی ساتھی، پہلے خلیفہ راشد اور جانثارِ رسول ۖ تھے۔ آپ کی خدمات، ایثار، تقوی، اور امت کے لیے قربانیوں کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی سیرت، قیادت، جرات و استقامت اور عشقِ رسول ۖ قیامت تک کے لیے مسلمانوں کے لیے ایک مینار نور ہے۔

شیخ الاسلام کے خطاب کو سننے کے لیے شہر بھر سے علما و مشائخ، ائمہ و خطبا، اساتذہ، طلبہ، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا، ملازمین، تاجر برادری، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد نے درسِ عرفان القرآن میں شرکت کی۔ آخر میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گی.

جس میں امتِ مسلمہ کی سربلندی، ملکِ پاکستان کی ترقی و استحکام، امن و سلامتی اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یگانگت کے لیے دعائیں کی گئیں۔تحریک منہاج القرآن کے قائدین اور منتظمین نے تمام شرکا، علما کرام، معزز مہمانانِ گرامی اور تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔