اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے توڑ جوڑ کا سلسلہ زوروں پر ‘ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے بعد وفاقی وزراء بھی متحرک ہو گئے ہیں، ن لیگ کے سات اراکین اسمبلی حکومتی ارکان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت حکومتی وزراءکی اہم بیٹھک ہوئی، اس دوران تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے اراکین سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا، رابطوں کیلئے وفاقی وزراء کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا۔
وزراء انفرادی طور پر ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان سے رابطہ کریں گے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سے رابطہ کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے 7 رکن اسمبلی حکومتی ارکان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔حکومتی ارکان کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک پیش ہوئی تو کوئی حکومتی رکن اجلاس میں شریک نہیں ہوگا، اجلاس کے فیصلوں سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا گیا۔









