لودھراں (رپورٹنگ آن لائن)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین کا طبی معائنے کیلئے بیرون ملک روانگی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین آئندہ 2 روز میں برطانیہ جائیں گے کیونکہ ان کی چند روز سے طبیعت ناساز ہے۔جہانگیرترین چند ہفتے پہلے کورونا کا شکار ہوئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین برطانیہ میں اپنے معالجین سے طبی معائنہ کراتے ہیں۔اس کے علاوہ شہبازشریف نے جہانگیرترین کو گلدستہ بھجوادیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اپوزیشن قائدین مسلسل جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں تاہم ترین گروپ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ تحریک انصاف کا حصہ تھے اور رہیں گے۔