اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے چالیس ہزار ڈونرز کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا ہے، تحریک انصاف کی فنڈنگ ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے آئی ہے ، پی ڈی ایم تحریک درحقیقت ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی کوشش ہے، پی ڈی ایم جماعتیں اپنے اپنے مفادات کے لئے اکٹھی ہیں۔
منگل کو فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے چالیس ہزار ڈونرز کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا ہے اور تحریک انصاف کی فنڈنگ ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے آئی ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن پا کستان میں فارن فنڈنگ کی موجود ہے ان کے اکاﺅنٹس میں ہنڈی ا ور حوالہ کے ذریعے پیسے آئے ہیں اور پیپلز پارٹی کی حکومت کو گرانے کے لئے نواز شریف نے فارن فنڈنگ کی۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ مریم صفدر کو نواز شریف نے فارن فنڈنگ سے اربوں روپے گفٹ میں دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک درحقیقت ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی کوشش ہے پی ڈی ایم جماعتیں اپنے اپنے مفادات کے لئے اکٹھی ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن اور مریم نواز تحریک انصاف پہ سقوط کشمیر کا الزام لگاتے ہیں۔ جبکہ ہندوستانی بزنس مین سجن جندال کے لئے ٹوئٹ مریم نواز کرتی ہیں ان کو اپنے گھر دعوتوں پر بلاتے ہیں اور نواز شریف جو ہندوستان جاتے ہیں تو وہاں کشمیری قیادت سے ملاقات تک نہیں کرتے ہیں