لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)بینکوں کے اثاثوں میں سال 2021 کی تیسری سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) 2.17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق سال2021کی تیسری سہ ماہی کے دوران بینکاری کے شعبے نے اپنی نمو کی رفتار کو برقرار رکھا،اس شعبے کے اثاثوں میں گزشتہ سہ ماہی (سال بسال بنیادوں پر20.9فیصد کی نمو)کے مقابلے میں 2.17فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ برس کی اسی مدت میں حاصل کی گئی نمو کے مقابلے میں0.44فیصد زیادہ ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اس توسیع میں خاص طور پر ملکی نجی شعبے کے قرضوں کا حصہ تھا جن میں 2021 کی تیسری سہ ماہی میں3.8فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ برس کی اسی مدت میں0.5فیصد تک کمی ہوئی تھی جبکہ فنڈنگ کے لحاظ سے سہ ماہی کے دوران ڈیپازٹس میں 0.36فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ برس کی اسی مدت میں0.80فیصد نمو ہوئی تھی۔
ڈیپازٹس میں سال بسال بنیادوں پر16.9فیصد کی حوصلہ افزا نمو ہوئی۔مزید برآں کورونا کے تناظر میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلان شدہ ری فنانس اسکیموں، خصوصاً عارضی اقتصادی ری فنانس سہولت (ٹی ای آر ایف)سے گزشتہ چند سہ ماہیوں میں نجی شعبے کے قرضوں کی نمو کو تقویت مل رہی ہے تاہم بینکوں نے جولائی تا ستمبرسال 2021 میں اپنے ذرائع سے قرضوں کی تقسیم میں اضافہ کر دیا ہے اور سہ ماہی کے بعد بھی یہی رجحان جاری ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق تعمیرات اور مکانات کے قرضے بھی قابل ذکر شعبوں کی حیثیت سے ابھرے ہیں، جن میں قرضوں کے استعمال میں صحت مند نمو دیکھنے میں آ رہی ہے۔