لاہور26ستمبر(زاہد انجم سے)رائل کالج آف فزیشنز گلاسگو کی سابق صدر ڈاکٹر سارہ کلارک کی قیادت میں بین الاقوامی میڈیکل ٹیچر ز نے لاہور جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن سے اپنے تجربات کی روشنی میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
غیر ملکی سینئر ڈاکٹرز نے ایل جی ایچ میں مریضوں کی اتنی بڑی تعداد کو مفت طبی سہولتیں بہم پہنچانے پر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور ہسپتال کی انتظامیہ کو سراہا۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے غیر ملکی ڈاکٹرز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنرل ہسپتال کے ساتھ منسلک 4طبی ادارے پی جی ایم آئی، اے ایم سی، نرسنگ کالج اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول نہ صرف ملک کے ہیلتھ سیکٹر میں افرادی قوت(ہیومن ریسورس) فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ان طبی اداروں سے فارغ التحصیل ہیلتھ پروفیشنلز بیرون ممالک میں بھی خدمات سر انجام دے کر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور بیرونی دنیا میں اپنے وطن عزیز کے سفیر بھی ہیں۔
وفد میں معروف انٹرنیشنل کارڈیالوجسٹ، رائل کالج آف فزیشنز گلاسگو کے سابق صدر ڈاکٹر سارہ کلارک، ڈاکٹر سیبا سٹین الیگزینڈر، ڈاکٹر اسد رحیم اور ڈاکٹر جاوید اے کیانی شامل تھے جبکہ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر عائشہ شوکت، ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،ادارے کے فیکلٹی ممبران و انتظامی ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفرنے معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ اکیڈمک کونسل کے ممبران نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ رائل کالج آف فزیشنز کی سابق صدر ڈاکٹر سارہ کلارک نے پی جی ایم آئی کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اور اُن کی ٹیم اس ادارے کی معاونت کے لئے ہمہ وقت حاضر ہیں۔انہوں نے اس ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے ماڈرن طبی آلات،جدید میڈیکل ٹیسٹ و دیگر سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے ادارے کی کامیابی قرار دیا۔
دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں میڈیکل کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئیں جس سے ملک کے سب سے بڑے صوبے میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ہے اور معلومات کے بہاؤسے میڈیکل کی فیلڈ بھی مستفید ہو سکتی ہے، ہمیں بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیق کو مد نظر رکھتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کے معیار میں اضافہ کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ رائل کالج آف فزیشن گلاسگو کی طرح دیگر عالمی ادارے بھی لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک ہیں اور ہماری میڈیکل فیکلٹی دیگر ممالک کے سلیبس اور میڈیکل تجربات کو مد نظر رکھتی ہے۔انہوں نے اس وفد کے دورے کو سود مند قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر سارہ کلارک اور اُن کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں ادارے کی طرف سے تحائف پیش کیے اور معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی دیں۔