نفتالی بینیٹ

بیرونی خطرات سے اسرائیل کا بھرپور دفاع کریں گے،وزیراعظم نفتالی بینیٹ

تل ابیب ( رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کا حوالہ دیتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ ان کا ملک بیرونی خطرات کے مقابلے میں ہمیشہ اپنے آپ کا دفاع کرے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ تل ابیب اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔ اسرائیل کو درپیش قریب اور دور کے خطرات کے خلاف جرات ، جدت اور منظم طریقے سے کام کیا جائے گا۔بینیٹ نے اس سے قبل کہا تھا کہ نئے ایرانی صدر کا انتخاب بڑے ممالک کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رئیسی کا انتخاب خامنہ ای نے کیا ہے۔ یہ ایرانی عوام کا انتخاب نہیں۔ ایرانی مذہبی لیڈر نے ایرانی عوام اور پوری دنیا کی نظر میں اس بدنام زمانہ شخص کا انتخاب کیا جو کئی سال قبل حکومت کے مخالفین کو پھانسی دینے والی ڈیتھ کمیٹیوں میں شامل رہ چکا ہے۔