لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے تین بہنوں کی 52کنال اراضی ہتھیانے کا مقدمہ خارج کرنے کے خلاف دائر کیس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی اوردرخواست گزاروں کی جانب سے وکیل عرفان صادق تارڑ نے دلائل دیتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ رشتہ داروں نے ریونیو افسران کی ملی بھگت سے تینوں بہنوں کی ملکیتی اراضی اپنے نام منتقل کرالی۔ اس حوالے سے گجرات کے تحصیلدار اور دیگر ریونیو افسران کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج بھی ہوا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ملزمان قصوروار قرار پائے، اس کے باوجود ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے مقدمہ خارج کردیا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کی عدالت نے بھی مقدمہ خارج کرنے کی رپورٹ کو بلاجواز درست قرار دے دیا جو کہ حقائق کے منافی ہے۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی عدالت کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور مقدمے کو دوبارہ بحال کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔









