اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کے گھروں میں گاڑیاں ہیں، اچھا لائف اسٹائل ہے مگر ٹیکس نہیں دیتے، 22 کروڑ لوگوں میں سے 20 لاکھ ٹیکس دیتے ہیں ،بہت جلد ایسے لوگوں تک پہنچنے والے ہیں جو ٹیکس نہیں دیتے،پاکستان میں تھوڑی غربت کم ہوئی اسے کامیابی سمجھتا ہوں، امیر ترین ممالک میں بھی غربت میں اضافہ ہوا،ہمیں خیبرپختونخوا میں اس لیے ووٹ ملے کیونکہ ہم نے وہاں غربت کم کی،، دنیا میں آگے بڑھنے کیلئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا،
راست پروگرام عام آدمی کی سہولت کیلئے ہے، عوام کو ڈیجیٹل نظام کی جانب لے جانے کیلئے کوشاں ہیں، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم راست کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے5 سال مکمل ہونے پر دیکھیں گے کہ پاکستان میں غربت ختم ہوئی ہے یا نہیں ہوئی ہے، اگر غربت کم ہوئی ہے تو یہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، 22 کروڑ آبادی کسی بھی ملک کی بہت بڑی طاقت ہوتی ہے، اگر انہیں آپ اپنی معیشت میں شامل کرلیں تو یہ ہماری بڑی طاقت ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پاکستان اس سفر کا نام ہے جس کے تحت ہم لوگوں کو معیشت میں شامل کریں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا عام شہریوں کو بینک سے خوف آتا ہے، اس لیے یہ عام شہری کی سہولت کے لیے بنایا گیا، ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ کہ لوگوں کو نیچے سے اوپر اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف حکومت آئی تھی تو خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مبتلا تھا، یو این ڈی پی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ یہاں سب سے تیزی سے غربت ختم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت کے پانچ سال مکمل ہوں گے تو میں یہ دیکھوں کا یہ کیا ہمارے دور میں غربت ختم ہوئی یا نہیں ہوئی، میں اسے کامیابی سمجھوں کہ کہ ہم نے لوگوں کو غربت سے نکال دیا۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران دنیاکے بڑے بڑے ممالک میں غربت میں اضافہ ہوا ہے لیکن پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے، اس دوران پاکستان میں اس میں کمی آئی ہے، یہ بھی ایک کامیابی ہے۔ ان کا کہنا ہے راست کا سب سے پہلا فائدہ یہ ہے کہ عام آدمی کے لیے آسانی ہوگی، کیونکہ انہیں بینک جانے کا وقت نہیں ہے، اس سے لوگ فورمل ایکونومی میں شامل ہوں گے، اور ہمیں اپنے ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو اوپر لے کر جانا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ساڑھے 22 کروڑ لوگوں میں صرف 2 کروڑ لوگ ٹیکس دیتے ہیں، ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے ان لوگوں کے پاس پہنچ ہیں جو ٹیکس ادا نہیں کرتے اور میں ان لوگوں کو خبر دار کرنا چاہوں گا کہ ہم آپ پاس پہچنے والے ہیں کیونکہ ہمارے پاس ان لوگوں کا ڈیٹا بہت تیزی سے آرہا ہے۔
وزیر اعظم نے روشن پاکستان اور راست جیسے پروگرامز کی کامیابی پر گورنر اسٹیٹ بینک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مانیٹرنگ کے لیے آپ کے پاس سیل ہونا چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے بیرون ملک پاکستانیوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں انہیں روشن اکانٹ کے ذریعے پیسے بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اس کے لیے آسانیاں پیدا کرنا لازمی ہے کیونکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے برا اثاثہ ہیں۔
ان کا کہنا حال ہی میں آنے والی ترسیلات بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے ہمارے غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے ان کو سہولیات فراہم کرنا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ راشن پروگرام بھی راست میں شامل کیا جائے گا تاکہ ہم نچلے طبقے کو بھی اس پروگرام تک رسائی دے سکیں۔