اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹرز اور کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کے قریب سٹیڈیم کے باہر دھماکے کی مذمت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے جانیں نچھاور کرکے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانیں دے کر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا، سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جوانمردی سے فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، پاکستانی قوم کو فیڈرل کانسٹیبلری اور پاک فوج کے دلیر جوانوں پر ناز ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والے شہداء قوم کے ہیرو ہیں، قوم شہدا کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی، انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔