اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں 6 لاکھ بچے یتیم ہوچکے ہیں، وہاں بچوں کو جیلوں میں ٹارچر کیا جاتا ہے۔
جمعہ کو عالمی سطح پر جارحانہ عزائم کا شکار معصوم بچوں کا دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج جارحانہ عزائم کا شکار بچوں کا منایا جا رہا ہے،آج کے دن میں پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ معصوم فرشتے جو اللہ تعالی نے اس دنیا میں بھیجے ہیں،جن معصوموں کی وجہ سے اس دنیا کو جنت بنایا، وہ اتنے معصوم اور بے بس کیوں ہیں؟مقبوضہ جموں کشمیر میں 6 لاکھ بچے یتیم ہو چکے ہیں،کشمیر میں بچوں سے ان کا بچپن 70 سالوں سے چھینا جا رہا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ ہر کشمیری کا بچپن خون کے آنسو روتا ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بچوں کو جیلوں میں ٹارچر کیا جاتا ہے، ریپ کیا جاتا ہے،ہندوستان کی دہشتگرد فوج بچوں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کرتی ہے۔