کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ ایران پر اسرائیل نے حملہ کر کے مسلمانوں کی قوت کو للکارا ہے، افغانستان سے کہا تھا کہ اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دیں، ہم نے افغان بھائیوں کی بہت مدد کی مگر اب بس بہت ہو گیا، آپ ہماری سرزمین پر دہشتگردی کریں اور ہم چپ رہیں ایسا نہیں ہو سکتا،، فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جب بھارت نے ہمیں چھیڑا تو ہم نے بھارت کو کہیں کا نہ چھوڑا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نمائش چورنگی پر نجی این جی او کی جانب سے منعقدہ سحری میں شرکت کی جہاں انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ملکی و عالمی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ آج کی آمد دیگر تمام دنوں سے افضل ہے کیونکہ ہم سب مل کر مولا حسن کی ولادت کا جشن منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اندرون و بیرون ملک حالات کا بخوبی اندازہ ہے اور موجودہ عالمی کشیدگی میں مسلمانوں کو متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ایران پر حملوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمن کو صحیح طرح جواب دیا گیا ہے، یہ مسلمان قوم ہے، اسے نہ چھیڑا جائے۔
اگر چھیڑو گے تو چھوڑا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بھی جب ہمیں چھیڑا تو اسے بھرپور جواب ملا آج تک نریندر مودی منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔گورنر سندھ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تین جہاز سے بات شروع کی اور آج گیارہ جہاز گرا دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کے لیے اپنے دل اور سرحدیں کھولیں، تاہم افغان حکومت کو متعدد بار شواہد کے ساتھ آگاہ کیا گیا کہ ان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دی جائے۔افغان بھائی بہن اپنی حکومت کو سمجھائیں کہ پاکستان نے اس وقت دروازے کھولے جب ساری دنیا نے بند کر دیئے، بڑے بڑے علما پاکستان کے مدرسوں سے پڑھ کر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے افغان حکومت کو بتایا کہ ہمارے لوگوں کو شہید کرنے والے افغانستان میں چھپے بیٹھے ہیں، ہم نے وہ مزہ چکھایا کہ دہشت گرد اپنی کمین گاہیں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں، فیلڈ مارشل نے وہ مزہ چکھایا کہ انکی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ انتہا پسند ہندو کو وہ مزہ چکھایا کہ یاد رکھیں گے، ہم نے افغانستان سے حالات اچھے رکھنے کی کوششیں کیں مگر انہوں نے ایسا نہیں چاہا، ہم نے بھائی چارے میں بہت کچھ کیا مگر افغان حکومت نے دہشتگردوں کو پناہ دی۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ جب صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو وہ مزہ چکھایا تھا کہ وہ اپنی کمین گاہ سے بھاگے، چیف مارشل عاصم منیر نے دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کی فوج کس قدر مضبوط فوج ہے، ایرانی سپریم لیڈر نے شہادت پاکر دنیا میں مثال قائم کی، قوم جذبہ ایمان سے سرشار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد اپنے ٹھکانے چھوڑنے پر مجبور ہیں، حکومت اور فیلڈ مارشل معاشی استحکام کی کو شش کر رہے ہیں،
ہم نے افغانستان میں موجود دہشتگردوں کو تاریخی سبق سکھایا ہے، بھارت بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی غیر ملکی سرمایہ کاری آتی ہے بھارت دہشتگردی کرواتا ہے، جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا ہم اسے نیست ونابود کر دیں گے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے مبینہ سرپرستی یافتہ عناصر کو بھی مثر جواب دیا گیا ہے۔خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل نے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور ملک دفاعی اعتبار سے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔









