نصیر الدین شاہ 143

بھارت میں اداکاروں کو اپنی رائے دینے پر ہراساں کیا جاتا ہے، نصیر الدین شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) بھارت کے لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا ہے کہ بالی ووڈ اداکاروں کو اپنی رائے دینے کے بعد ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اسی لئے تینوں ‘خان’ بھی خاموشی اختیار کیے رکھتے ہیں۔تین بار بھارت کا قومی ایوارڈ جیتنے والے اداکار نے یہ واضح کیا کہ انہوں نے کبھی بھی انڈسٹری میں مسلمان ہونے کی وجہ سے کوئی امتیازی سلوک محسوس نہیں کیا۔سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کے طالبان کے افغانستان میں واپسی کے بعد بھارت میں پیدا ہونیوالے موجودہ معاملات پر خاموشی اختیار کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ ان کیلئے نہیں بول سکتے لیکن وہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ انہیں کس حد تک ہراساں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ تینوں ہراساں ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں، ان کے پاس بولنے کے بعد کھونے کیلئے بہت کچھ ہے، یہ صرف مالی ہراسانی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جو بھی بولنے کی ہمت کرتا ہے اسے ہراساں کیا جاتا ہے، یہ صرف جاوید اختر یا میں نہیں ہوں ، یہ کوئی بھی ہو جو اس دائیں بازو کی ذہنیت کے خلاف بات کرتا ہے تو ہراسانی کا شکار بنایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں