کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ خدا ہی ملا نہ وصال صنم کے مصداق پاکستان کو بھارت سے میچ نہ کھیل کر صرف اور صرف نقصان ہی ہوگا۔انہوںنے کہاکہ میں اپنے مؤقف پر آج بھی پوری طرح قائم ہوں کیونکہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل یا فائنل میں بھی پہنچ جاتا ہے اور اس کا سامنا پھر بھارت سے ہوگیا تو کیا ہوگا؟
یقیناً ایونٹ چھوڑ کر واپس آنا پڑے گا تو پھر کیا ملا یہ سب کرنے سے؟ نہ پیسہ ملا اور نہ ٹرافی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یا تو پاکستان کو یہ ورلڈ کپ کھیلنا ہی نہیں چاہیے تھا اور اگر جانا ہی تھا تو آئی سی سی سے اپنی شرائط طے کروا کر جاتے۔انہوںنے کہاکہ بھارت اس آئی سی سی کے اہم ایونٹ کا میزبان ہے اور بحیثیت مہمان پاکستان کے پاس کیا جواز ہے کہ وہ اس سے نہ کھیلے، ہم وہاں کرنے کیا جارہے ہیں؟ نہ ہم ٹرافی جیت سکتے ہیں نہ کسی منافع کی امید ہے۔ اس کے علاوہ ہم بنگلہ دیش والے مؤقف سے بھی پیچھے ہٹ گئے۔








